عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام میں خود سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نےجوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب وہ اسے ماننے کے لئے تیار نہیں اور اس کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی وہ خود ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے انتخابی نتائج کو نہ ماننے کا وطیرہ اختیار کر رکھا ہے اور وہ بار بار اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہیں۔

عمران خان شروع دن سے انتخابی نتائج تسلیم کرنے کو تیار نہیں اس لئے ان کا حلقے کھولنے کا مطالبہ اب تھیلے کھولنے پر آگیا حالانکہ عمران خان نے دھاندلی کا الزام لگا کر جن 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا وہ کھلے ہوئے ہیں اوراس پر سماعت بھی جاری ہے تاہم تحریک انصاف کے پاس ثبوت نہیں اس لئے وہ اب سماعت ملتوی کرانے پر اترآئی ہے۔

پروشید رشید کا کہنا تھا کہا کہ کھیل کی طرح اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ عمران خان کی سیاست میں بھی نہیں، عمران نے بلی خود تھیلے سے نکال دی ہے اور اگر حلقے نہیں کھلے تو عمران خان الیکشن ٹریبونل کیا کرنے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا عمران خان اپنی یادداشت کھو چکے ہیں اس لئے وہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے جی ایس پی کو جی ایس ایم کہتے ہیں تاہم ہم دعا گو ہیں کہ ان کی یادداشت واپس آجائے لیکن پتا نہیں اس حوالے سے ہمیں کیا قیمت ادا کرنی پڑے گی۔