عمران خان بھی فلسطینیوں کے حق میں بول پڑے

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کے نام اپنے خط میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے معصوم فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی کے حوالے سےآواز اٹھائی ہے۔

عمران خان کی جانب سے بان کی مون کو لکھے گئے خط کا متن کچھ یوں ہے۔ میں پاکستان کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کے چیئر مین کی حیثیت سے پاکستان کے عوام کی جانب سے آپ کو یہ خط تحریر کررہا ہوں، جو اقوام متحدہ کی جانب سے امن کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تائید میں ہمیشہ آگے آگے رہی ہے۔

ہم اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غزہ کے فلسطینیوں کے استحصال پر صدمے سے دوچار ہیں، جبکہ اقوام متحدہ اس ضمن میں ایک خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ غزہ میں مرنے والے فلسطیبنیوں کی تعداد 800 سے زائد ہو چکی ہے اور اسرائیل کی جارحیت جاری ہے۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یہ اُس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ریاست کی جانب سے دوسری ریاست اور اُس کے عوام کے خلاف جارحیت کو روکے۔ عمران خان نے مزید لکھا ہے کہ ’یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے قتل عام کو روکیں اور بحیثیت اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اب وقت آگیا ہے کہ آپ اس اہم ذمہ داری کو نبھائیں’۔