عمران خان میں سیاست کی اہلیت نہیں ہے، حفیظ اللہ نیازی

Hafeez Ullah Niazi

Hafeez Ullah Niazi

کراچی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بہنوئی اور فرسٹ کزن حفیظ اللہ نیازی نے کہا ہے کہ انہیں ہمیشہ سے معلوم تھا کہ عمران خان میں سیاست کی اہلیت نہیں ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح کے بعد پہلی بار ملک میں مقبول اپوزیشن سامنے آئی تھی جسے خود تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے یہ بات جیو تیز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔ حفیظ اللہ نیازی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے مظاہرین خود کو ایسے مقام پر لے آئے ہیں جہاں سے واپسی کے لیے انہوں نے کوئی پلان تیار نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی انہونی ہوجاتی ہے تو نہ عمران خان کے ہاتھ کچھ آئے گا اور نہ طاہر القادری کے۔

عمران خان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ان کے مزاج میں سختی آچکی ہے اور انہوں نے گذشتہ دنوں خود کو اکیلا بھی محسوس کرنا شروع کردیا ہے۔ عمران خان کا ساتھ دینے والے لوگ انتہا ئی غیر موثر ہیں۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ وہ کبھی تحریک انصاف کا حصہ نہیں رہے مگر عمران خان سے ان کے گہرے تعلقات رہے ہیں۔ سیاست کے لیے جو اہلیت چاہئےوہ عمران خان میں کبھی نہیں رہی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی بتا چکے تھے کہ آزادی مارچ کے بعد تحریک انصاف جاں بر نہیں ہو سکے گی۔