ایک لاکھ عمران خان بھی آجائیں تو سندھ فتح نہیں کر سکتے: سعید غنی

 Saeed Ghani

Saeed Ghani

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ عمران خان بھی آ جائیں تو سندھ فتح نہیں کر سکتے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے دو ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں، پی ٹی آئی کے دونوں ممبران اسمبلی اپوزیشن کو چھوڑ چکے ہیں۔

سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی سے پی ٹی آئی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سندھ کے ممبرز بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاق لاک ڈاؤن کے معاملے پر محض سیاست کر رہا ہے۔

پی ڈی ایم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے، سازش کے ذریعے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم سے دور کیا گیا، پیپلز پارٹی جلد حکومت مخالف تحریک شروع کر سکتی ہے۔

افغان امن عمل میں حکومت پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت افغان مسئلے پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نا لے کر غلطی کر رہی ہے۔