عمران خان اور طاہرالقادری کا رویہ غیر جمہوری ہے: عرفان دولتانہ

PML N

PML N

لاہور : مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ دوسری جماعتوں کے لوگ تحریک انصاف میں شامل کر کے عمران خان لیڈر بنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان اور طاہرالقادری کا رویہ غیر جمہوری ہے اس لئے مسلم لیگ ن کے کارکنان غصہ میں ہیں،ہم ان کارکنوں کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے ہیں ،مسلم لیگ ن کے کارکنان صبر کا ہاتھ سے نہ چھوڑیں ،مسلم لیگ ن کے کارکنان حوصلہ کریں عمران خان اور طاہر القادری کی سیاست ختم ہونے کے قریب ہے ،رو عمران رو کے نعرے پورے ملک میں لگ رہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اپنے طور پر شرط لگانے والے اور قربانی سے پہلے قربانی کی باتیں کرنے والوں کو عوام بخوبی پہچان چکے ہیں۔ قوم عمران خان کبھی معاف نہیں کرے گی جنہوں نے خود ساختہ نعروں اور من پسند دعوئوں کے ساتھ لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ڈالر کی قیمت کم ہونے سے لے کر قربانی کے متعلق اپنے بیانات پر ناکام ہونے کے بعد فوری طور پر استعفیٰ دیں اور آئندہ ایسی حرکتوں سے توبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو آئندہ انتخابات میں اپنی سیاسی حیثیت اور اصلیت کا پتہ چل جائے گا۔جو جاگیر داروں کے ہمراہ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہوکر عوام کو نام نہاد تبدیلی کا مژدہ سناتے رہتے ہیں اور اصل حقیقت سے لوگوں کو بے خبر رکھ کر ڈس انفارمیشن پھیلانے کے علاوہ ان کی کوئی اور ڈیوٹی نہیں۔