عمران خان اور طاہر القادری قلابازیاں کھانے کے ماہر ہیں، پرویز رشید

Pervaiz Rasheed

Pervaiz Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکسان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری قلابازیاں کھانے کے ماہر ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے حکومت فوج کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، قومی تنصیبات کی حفاظت کے لئے فوج کی مدد درکار ہے، آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو جو اختیارات دیئے ہیں وہ آئین کے مطابق ہیں، اگر فوج کو کسی قانونی تحفظ کی ضرورت ہے تو وہ فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت کی جانب سے فوج کو دیئے گئے اختیارات پر نکتہ چینی کرنے والے دراصل دہشت گردوں کو مظبوط کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری قلابازیاں کھانے کے ماہر ہیں، دونوں کو ہم نے گرجتے برستے دیکھا ہے اور پھر ایک ساتھ ہنستے، اٹھتے بیٹھتے، کھاتے پیتے دیکھا ہے۔

طاہرالقادری گزشتہ برس بھی صدر اور وزیراعظم کو گھر بھیج چکے، پارلیمنٹ تحلیل کرکے انقلاب لا چکے ہیں، گزشتہ برس بھی ہم نے انقلاب دیکھا تھا جب لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے تھے اور طاہر القادری گرم گاڑی میں بیٹھ کر واپس کینیڈا چلے گئے تھے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پر 14 اگست پر قومی ترانے کی تقریب ماضی کی روایت تھی اور جب ہماری حکومت بنی تو ہم نے اسی وقت اس روایت کو دوبارہ زندہ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اس دن باقی تمام پرچم سر نگوں ہو جائیں گے اور صرف پاکستان کا پرچم بلند ہوگا، ساری دنیا کو پتہ لگے گا کہ ہم ایک قوم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت پاکستان کے تمام سیاسی رہنماؤں کو اس قومی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور اس کے بعد عمران خان جو کرنا چاہیں وہ کریں۔