بھارت میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کے محرکات

Protest

Protest

بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مبینہ حکومتی جبر کے تحت بھارت میں اپنا آپریشن بند کر دیا ہے۔ سرگرم کارکنوں کا خیال ہے کہ اس طرح بھارتی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تفتیش کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل انتیس ستمبر کو بھارت میں اپنے آپریشن کو مجبوراً روک دیا تھا۔ تنظیم کے مطابق اسے حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن اور ڈرانے دھمکانے کا سامنا تھا۔ دفتر کی بندش پر بھارتی انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے شدید رنج اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے مجموعی صورت حال کو افسوسناک قرار دیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارتی دفتر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوینیش کمار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ انہیں سنگین صورت حال کا سامنا تھا۔ ان کے بقول بھارتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکم پر ان کی تنظیم کے بینک اکاؤنٹس کو منجمند کر دیا گیا ہے۔

انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم کو اپنے دفتر کے ایک سو پچاس افراد کو جبراً فارغ کرنے کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی حمایت میں جاری مہم اور ریسرچ ورک کو بھی معطل کرنے کا کہا گیا تھا۔

ان حالات کو دیکھتے ہوئے بھارت کے مختلف شہروں کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت انہیں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تفتیش اور معلومات جمع کرنے سے دور دھکیلنے میں مصروف ہے۔

اس تناظر میں اوینیش کمار نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ایک ایسی تنظیم ہے جس کا مقصد ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے اور ان کو جن حالات کا سامنا تھا، ان سے محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت کو اس تنظیم کا آواز بلند کرنا پسند نہیں تھا۔

نئی دہلی سے وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اکاؤنٹ میں رقوم کی ترسیل غیر ملکی سرمایہ کاری کے قانون (FDI) کے تحت بھیجی جا رہی تھی اور ایک غیر حکومتی اور غیر منافع بخش تنظیم کو اس کی اجازت نہیں ہے۔

وزارت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ایمنسٹی کا یہ دعویٰ کہ انسانی حقوق کے گروپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، صداقت پر مبنی نہیں ہے۔ مزید کہا گیا کہ ایمنسٹی کو کئی دوسری تنظیموں کی طرح انسانی امداد کا کام جاری رکھنے کی اجازت ہے لیکن ملکی قانون کے تحت اسے انتظامی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔

دوسری جانب بھارت میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی کو شدت سے اُس بھارتی حکومتی عمل کا سامنا تھا، جس کا مقصد جابرانہ قوانین کے تحت اس کے انسانی حقوق سے متعلق آپریشن کو متاثر کرنا تھا۔

اس مقصد کے لیے بھارت میں قائم ہندو قوم پرست حکومت نے غیر ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے ضابطوں (FCRA) میں اپنی مرضی کی ترمیم بھی کی ہے۔ ہیومن رائٹس گروپوں کا کہنا ہے کہ ان ترامیم کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور یہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو دبانے میں حکومت کو مدد دیں گے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس ترمیم کا ایک اور مقصد سول سوسائٹی کے متحرک کارکنوں کی غیر ملکی امداد تک رسائی کو محدود کرنا بھی ہے۔

بدھ تیس ستمبر کو پندرہ مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔ ان تنظیموں کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مودی حکومت غیر حکومتی تنظیموں کو کنٹرول میں لا کر سماجی معاملات کو بھی اپنی زیرِ اثر لانے کی متمنی ہے۔

موجودہ بھارتی حکومت کو اس تناظر میں دیگر ملکی سیاسی جماعتوں کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ گزشتہ برس بھی ایمنسٹی جیسی کئی انسانی حقوق کی تنظیموں مثلاً سب رنگ بھارت، لائرز کولیکٹیو، پیپلز واچی اور نوسارجن ٹرسٹ وغیرہ کو خاص طور پر غیر ملکی فنڈنگ کے قانون ک تحت نشانہ بنایا گیا تھا۔