بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی

Syed Akbar Uddin

Syed Akbar Uddin

نئی دہلی بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کا بیان خوش آئند ہے تاہم بھارتی فوجیوں کا معاملہ ختم ہونے تک پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

دارالحکومت نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید اکبرالدین نے نواز شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کی دوستی کا پیغام خوش آئند ہے اور بھارت پاکستان کے ساتھ تمام مسائل حل کرنے کا خواہش مند ہے تاہم جب تک لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا معاملہ ختم نہیں ہوتا تب تک پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

ترجمان بھارتی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان حافظ سعید سمیت ممبئی حملوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کی حفاظت کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے اور اس سلسلے میں ہم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ کنٹرول لائن کی صورتحال کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں اور بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم ہمیشہ کی طرح روایتی طور پر خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے۔