بھارتی جارحیت، فوجیوں سمیت 11 افراد شہید ہو چکے: مشیر خزانہ

Finance

Finance

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے آٹھ فوجیوں سمیت گیارہ افراد شہید ہو چکے ہیں۔ امریکا کے شام پر حملہ کرنے سے حالات گھمبیر ہوں گے۔ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے جنوری سے اب تک گیارہ افراد شہید اور تینتیس زخمی ہو چکے ہیں۔

تحقیقات کیلئے پاکستانی تجاویز بھی بھارت نے مسترد کر دی ہیں۔ حالات ٹھیک نہ ہوئے تو نیویارک میں بھی معاملہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پہلے تبدیلی عسکری، دوسری سیاسی ہوگی۔ دونوں تبدیلیاں بہت اہم چیلنج ہیں۔ افغانستان میں انارکی ہوئی تو اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔ کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں۔ مذاکراتی عمل افغانستان میں امن کیلئے اہم ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے شام پر حملہ کیا تو حالات گھمبیر ہوں گے۔ امریکا، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ آنے تک شام پر کارروائی سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ شام کی خانہ جنگی میں پاکستانی ملوث نہیں ہیں۔ شام کے معاملے پر او آئی سی میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر ممکنہ روسی حملے کی اطلاعات کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔ امریکا کی تمام فوج افغانستان سے نہیں جائے گی۔ کتنی فوج رہے گی۔ اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ نیویارک پولیس نے مساجد کو دہشت گرد تنظیم قرار نہیں دیا۔