بھارتی کسانوں کے احتجاج پر سلمان خان کا موقف بھی سامنے آ گیا

Salman Khan

Salman Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کا بالآخر بھارتی کسانوں کے احتجاج پر موقف سامنے آگیا۔

بھارت میں ان دنوں کسانوں کے احتجاج کے باعث شدید ہلچل مچی ہوئی ہے۔ امریکی گلوکارہ ریانہ کے کسانوں کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ کے بعد تو اس معاملے نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے اور ریانہ کے کسانوں کے حق میں کیے گئے ٹوئٹ نے اُن بھارتی فنکاروں کو بھی نیند سے جگادیا ہے جو مسلسل اس مسئلے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ ریانا پر پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام
اکشے کمار،اجے دیوگن، کرن جوہر، ایکتاکپور اور سنیل شیٹھی کا اس مسئلے پر موقف تو سامنے آیا لیکن انہوں نے کسانوں کے حق میں بات کرنے کے بجائے حکومت کے حق میں اپنا موقف جاری کیا جس نے کسانوں کے حامیوں کے غصے کو مزید ہوا دی۔

تاہم اس معاملے پر بالی ووڈ کے تینوں خانز کی معنی خیز خاموشی نے سب کو حیران کیا ہوا تھا لیکن اب سلمان خان نے اس معاملے پر اپنا موقف دیا ہے۔ گزشتہ روز انڈین پرو میوزک لیگ کی لانچنگ تقریب کے دوران جب صحافیوں نے کسانوں کے احتجاج پر ان کی رائے جاننا چاہی تو پہلے تو سلمان خان نے صحافیوں کا کوئی جواب نہیں دیا اور پہلو بچاکر نکلنے لگے۔

بعد ازاں انہوں نے اس سوال کا جواب دینے کا فیصلہ کیا اور کافی مبہم جواب دیتے ہوئے کہا سب کے ساتھ صحیح چیز ہونی چاہئے۔ ہر ایک کے ساتھ صحیح چیز ہونی چاہئے۔

واضح رہے کہ امریکی گلوکارہ ریانہ کی جانب سے کسانوں کے حق میں کیے گئے ٹوئٹ نے حکومت کے حامی بھارتیوں کو تلملا کر رکھ دیا ہے اور انہوں نے اسے بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی فنکاروں کو بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔