پاکستان کا بھارت کو سرپرائز: 2 جنگی طیارے مار گرائے، 2 پائلٹ گرفتار

Indian Plane

Indian Plane

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مارے گرائے جب کہ 2 پائلٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

دفتر خارجہ اور ترجمان پاک فوج نے بھارت کو جواب دینے کی تصدیق کر دی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بھارتی طیاروں نے آج صبح کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی طیارے مار گرائے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ زمین پر موجود اہلکاروں نے ایک دو بھارتی پائلٹوں کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑاکا طیاروں نے جموں کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نوشہرہ سیکٹر کے قریب دو لڑاکا طیارے مار گرائے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 پائلٹ بھی مارے گئے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی طیاروں پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد، سری نگر، جموں اور لہہ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سویلین ایئر ٹریفک معطل کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین پاکستانی لڑاکا طیارے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ہمارا جواب مختلف ہو گا، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے۔