صنعتی پلاٹس کی تجارت کرنے والوں کے احتساب کا فیصلہ

Industrial Plots

Industrial Plots

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں صنعتوں کے فروغ کیلیے ایف پی سی سی آئی اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سفارش پر رعایتی نرخوں پر الاٹ کردہ صنعتی پلاٹوں کی ٹریڈنگ اوران کا غلط استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سی ڈی اے، ایل ٹی ڈی اے، پی ڈی اے اور کے ڈی اے سمیت ملک کے دیگر اداروں سے ماضی میں رعایتی قیمتوں پر صنعتی پلاٹ حاصل کرنے والوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں یہ چیک کیا جائے گا۔

ماضی میں ایف پی سی سی آئی اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت دیگر ٹریڈ آرگنائزیشنز کی سفارش اور مطالبے پر جو رعایتی قیمت پر صنعتی و کمرشل پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے وہ کن لوگوں کو الاٹ ہوئے اور ان میں سے کتنے فیصد پلاٹس پر وہی صنعتیں قائم کی گئی ہیں۔

جن صنعتوں کے قیام کے نام پر یہ پلاٹ حاصل کیے گئے تھے اور کتنے فیصد ایسے پلاٹس ہیں جو صنعتیں لگانے کے نام پر حاصل کیے گئے مگر بعد میں انہیں فروخت کیا جاتا رہا ہے اور جو لوگ رعایتی پلاٹس حاصل کرکے ان کی ٹریڈنگ میں ملوث رہے ہیں وہ کون لوگ ہیں کیا وہ حقیقت میں صنعتکار تھے یا نہیں تھے۔