شدت پسندوں سے مذاکرات نہیں کرینگے : چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

کوئٹہ (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، روٹھنے والوں کو جلد منالیں گے لیکن شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کرینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کوئٹہ کے دورے پر پہنچے جہاں وہ کمشنر آفس کوئٹہ گئے اور دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر عبدالمنصور خان کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے زیارت جا کر دہشت گردی میں تباہ ہونے والی قائد اعظم ریذیڈ نسی کا بھی معائنہ کیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تین سے چار ماہ میں قائداعظم ریذیڈنسی کی تعمیر نو کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ بلوچستان میں قیام امن کیلئے وفاق تعاون کرے گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعد ازاں وزیراعلی سیکریٹریٹ میں ذرائع سے گفتگو میں چودھری نثار نے کہا کہ شدت پسندی پر بضد افراد سے مذاکرات نہیں کریں گے لیکن روٹھنے والوں کو جلد منالیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ میں جو ہوا وہ کسی معاشرے میں نہیں ہوتا۔ بلوچستان میں امن کے ذریعے ترقی کا نیا دور شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا سے دلی ہمدردی ہے۔ شہید ڈپٹی کمشنر نے بلوچستان کے لئے قربانی دی۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم گزشتہ روز تمام صورتحال مانیٹر کرتے رہے۔