ایران کا کرج جوہری تنصیب پر حملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا الزام

Mohammad Islami

Mohammad Islami

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے کرج میں ایک سینٹری فیوج تنصیب پر “دہشت گردانہ حملہ” کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو اس واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے جسے انہوں نے “اہم” قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرج جوہری تنصیبات کی سائٹ پر حملے کے دوران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے نگرانی والے کیمروں کی سائٹ تباہ ہو گئی۔

اس حملے سے متعلق ایک رپورٹ میں بُدھ 23 جون کو شائع ہوئی تھی اور اس وقت مہر نیوز ایجنسی نے ایرانی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ آپریشن کامیاب نہیں تھا۔

تاہم اسرائیلی اخبار “یروشلم پوسٹ” نے اس وقت ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ ایرانی حکام کے کہنے کے برعکس اس واقعے نے تہران کے مغرب میں کرج میں ایرانی تنصیبات کو “شدید نقصان” پہنچایا۔