عراق، رمادی اور کرکوک میں بمباری، خودکش حملہ، 33 ہلاک، درجنوں زخمی

Suicide Attacks

Suicide Attacks

فلوجہ / تہران / واشنگٹن (جیوڈیسک) عراقی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ انبار کے شہر رمادی میں القاعدہ کے جنگجوئوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں 29 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ فورسز نے فلوجہ شہر پر جنگجوئوں کا قبضہ ختم کرانے کے لیے ابھی تک حملہ نہیں کیا کیونکہ فورسز چاہتی ہے کہ شہر سے عام لوگ باہر آجائیں تاکہ سویلین ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔

دریں اثنا کرکوک شہر میں خودکش دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوئوں نے صوبہ انبار کے شہر فلوجہ پرمکمل قبضہ جبکہ رمادی کے کچھ حصے پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ گزشتہ روزعراقی فوج نے رمادی میں جنگجوئوں پر میزائلوں سے بمباری کی جس میں 29 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

عراقی وزارت دفاع کے ترجمان جنرل محمد العسکری نے کہا کہ فلوجہ شہر میں شہری ہلاکتوں کے خدشے کے پیش نظر فوج حملہ نہیں کرسکتی اس لیے فلوجہ پرحملے کے لیے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔گزشتہ روزعراقی فوج نے رمادی شہر کے جنوبی علاقے کو جنگجوئوں سے چھڑانے کی کوشش کی لیکن انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔