آئی جی اسلام آباد کے بیٹے کی تعیناتی ، عدالت کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد آئی جی اسلام آباد بن یامین خان کے بیٹے کی بطور ڈائریکٹر بم ڈسپوزل اسکواڈ تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کی گئی۔ عدالت نے عمر امین کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس محمد انور کاسی نے سابق ڈائریکٹر بم ڈسپوزل اسکواڈ میجر ریٹائرڈ تبسم کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے بیٹے عمر امین کو ڈائریکٹربم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات کروایا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میجر ریٹائرڈ تبسم کا2014 تک بطور ڈائریکٹر کام کرنے کا معاہدہ ہونے کے باوجود انہیں برطرف کردیا گیا اور عمر امین کو نیا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کی برطرفی اور عمر امین کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن درخواست کے ساتھ منسلک نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے درخواست گزار کو ایک ہفتے میں نوٹی فکیشنز پیش کرنے کا حکم دے دیا۔