اسلام آباد کے ہائوسنگ منصوبے پارک انکلیو کی ڈیویلپمنٹ کے لئے 2.69بلین روپے کے PC-1 کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد: اسلام آباد کے ہائوسنگ منصوبے پارک انکلیو کی ڈیویلپمنٹ کے لئے 2.69بلین روپے کے PC-1 کی منظوری دے دی گئی۔ یہ منظوری سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں سی ڈی اے ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی اے ، ڈبلیو پی) کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران کے علاوہ کیبنٹ ڈویثرن، پلاننگ کمیشن، پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈویثرن کے افسران اور سی ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

پارک انکلیو کے PC-1کے مطابق 2.69بلین روپے کی لاگت سے انکلیو کی انفراسٹریکچر ڈیویلپمنٹ مکمل کی جائے گی جس میں پارک انکلیو کے تمام روڈز کی تعمیر، واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم، ڈرینج سسٹم اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں۔ PC-1 کے مطابق پارک انکلیو کی بائونڈری وال، مرکزی گیٹ، سیکورٹی سسٹم کی تنصیب، الیکٹریکل اور مکینکل کام جبکہ سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ اس لاگت میں پارک انکلیو کی لینڈ سکیپنگ اور انکلیو میں چھوٹے بڑے پارکوں اور پُلوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔