اسلام آباد: پولیس فائرنگ سے نوجوان ہلاک، شہریوں نے 2 اہلکاروں کو مار دیا

Islamabad Police

Islamabad Police

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد شہریوں نے اینٹیں مار مار کر دو اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک زخمی اہلکار بھاگ کر تھانے پہنچ گیا۔ تھانہ ترنول کے علاقہ ڈورا میں ایک تقریب کے دوران پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر دی اور ایک نوجوان ندیم ہلاک ہو گیا۔

نوجوان کی ہلاکت پر تقریب میں موجود افراد مشتعل ہو گئے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔تھانہ رمنا کے اے ایس آئی رمضان اور کانسٹیبل انصر اینٹیں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا جو وہاں سے بھاگ کر تھانے پہنچ گیا۔

مقامی افراد نے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ مذاکرات کے بعد اہلکاروں کی لاشیں پولیس کے حوالے کی گئیں۔ دونوں لاشیں اور زخمی کو پمز ہسپتال لایا گیا جس کے بعد پولیس نے ڈورا کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔

پولیس اور علاقہ مکینوں کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والا نوجوان ندیم منشیات فروش تھا اور اہلکار تفتیش کے لئے ڈورا گئے تھے جبکہ لوگوں کا کہنا ہے کہ تینوں اہلکار ڈکیتی کی نیت سے تقریب میں آئے تھے اور مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کر دی۔