اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں موسلا دھار بارش سے نالوں میں طغیانی آگئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے کئی لنک روڈ بند ہوگئے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں باران رحمت برسنے سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے نالہ مھل اور ملوانی میں طغیانی آگئی۔ مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور روالپنڈی سمیت بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارش کا سلسلہ آئندہ پانچ روز تک بالائی علاقوں میں محدود رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے کید وران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ مظفر گڑھ کے علاقے سیت پور کے قریب دریائے چناب کے حفاظتی بند میں پڑنے والا شگاف چوبیس گھنٹے بعد بھی پر نہیں کیا جاسکا۔ دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔