اسلام آباد کے رہائشیوں کو شہری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے: معروف افضل

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو شہری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے اور سی ڈی اے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد کو مزید خوبصورت، صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب شہر بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔

یہ بات انہوںنے اسلام آباد کے سیکٹرD-12،سیکٹرG-13اور G-14کے رہائشیوں کی طرف سے سینی ٹیشن سروسز کی فراہمی کے مطالبے پر کہی اور سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ و انوائرنمنٹ ثنا ء اللہ امان کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے آباد ہونے والے ان نئے سیکٹروں میں صفائی اور دیگر سروسز مہیا کرنے اور ان سیکٹروں سے روزانہ کی بنیاد پر صفائی اور کوڑا کرکٹ اُٹھانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کریں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت کی روشنی میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ و انوائرنمنٹ ثناء اللہ امان نے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کو تمام انتظامات مکمل کرنے کا کہاہے تا کہ ان سیکٹروں کی صفائی بہتر اور روزانہ کی بنیاد پر شروع کی جا سکے۔