اسلام آباد دھرنا عمران خان سے مشاورت کے بعد ختم کیا، ڈاکٹر طاہر القادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

ایبٹ آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا دھرنا عمران خان سے مشاورت کے بعد ختم کیا اور انہیں دھرنا ختم کرنے سے متعلق علم تھا۔

عوامی تحریک کے جلسے کے لیے ایبٹ آباد پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اس لیے فوری مستعفی ہوجائے جبکہ دھرنا ختم کرنے سے متعلق عمران خان کو علم تھا اور اس سلسلے میں ان سے ایک ماہ سے مشاورت جاری تھی جس کے بعد ہی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے سے متعلق کچھ کہنا نہیں چاہتا وہ دھرنا جاری رکھیں یا ختم کریں یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دھرنے سے لوگوں کی سوچ بدل گئی ہے،عوام نے انقلاب مارچ میں دلچسپی لی جس کے باعث ایبٹ آباد میں بھی انقلاب آچکا ہے اب کل ہری پورمیں دھرنا دیا جائے گا۔