اسلامی مضاربت کے نام پر نیا فراڈ

NAB

NAB

تازہ ترین خبر کے مطابق پانچ سو ارب سے زائد کے مضاربہ اسکینڈل کے مرکزی ملزم مفتی احسان سے نیب نے تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تحقیقات کا اختیار ملنے کے بعد نیب نے ملزم مفتی احسان کے خلاف ریفرنس داخل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، واضح رہے کہ مفتی احسان نے سود سے پاک مضاربہ اسکیم کے نام پر سادہ لوح افراد سے 220 ارب سے زائد رقم بٹوری تھی،خبر کے مطابق 25 ستمبر کو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایک اہم اجلاس کے بعد ڈی جی نیب راولپنڈی کرنل (ر) صبح صادق نے مفتی احسان سے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ کرنل (ر) صبح صادق نے کا کہنا ہے کہ ملزم کی طرف سے متاثرین کو رضاکارانہ طور پر رقم کی واپسی ممکن نظر نہیں آ رہی، لہٰذا ملزم کی طرف سے مایوسی کے بعد اُس کے خلاف آرڈیننس 1999 کے تحت مقدمے کی کارروائی شروع کر رہے ہیں، انکوائری کا اختیار ملنے سے قبل ڈی جی کو نیب کے قانون (A)1999 25 NAO کے تحت یہ اختیار تھا کہ وہ ملزم کی طرف سے رقم کی رضاکارانہ طور پر واپسی کی صورت میں اُسے رہا کر سکتے تھے، چنانچہ 18جون کو ڈی جی نیب نے ملزم کے ساتھ 546 ملین روپے کی رضاکارانہ واپسی کا معاہدہ کرکے اُسے رہا کر دیا گیا تھا، تاہم مفتی احسان کو ماہانہ 10 کروڑ روپے حسب وعدہ ادا نہ کرنے پر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی جی نیب راولپنڈی کے مطابق مفتی احسان کے خلاف نیب کو دوبارہ 3700 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مفتی احسان نے مضاربہ فراڈ کے ذریعے _¿ اُن سے 4 ارب روپے ہتھیا لئے ہیں، خیال رہے کہ مفتی احسان اکیلا شخص ہے جو مضاربہ متاثرین کے 220 ارب روپے لوٹ کر چلتا بنا، جبکہ اِس اسکینڈل میں شامل چند دوسرے گروپوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور متاثرین سے سود سے پاک جعلی منافع بخش سکیم کے نام پر 500 ارب سے زائد رقم لوٹی ہے۔دوسری جانب نیب کو دیگر مضاربہ گروپوں الیگزر، میزان اور البراکہ کے خلاف ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اِن گروپوں نے ایک افغان ہیروں کے ا سمگلر کے ساتھ مشترکہ کاروبار پر تمام پیسہ لگا رکھا ہے، ہیروں کے اِس افغان سمگلر کا ایک ساتھی تھائی لینڈ کا رہنے والا ہے، جسے نیب نے دیگر 13 ایجنٹوں کے ہمراہ تحقیقات کیلئے 24 ستمبرکو نوٹس بھیجا تھا، مگر اُس نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکارکر دیا، ڈی جی نیب نے بتایا کہ انہوں نے مضاربہ اسکینڈل میں ملوث کچھ طاقتور شخصیات کی بھی نشاندہی کی ہے، جنھیں چیئرمین نیپ کی تقرری کے بعد شامل تفتیش کیا جائے گا۔ باخبر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب نے اربوں روپے کے مضاربہ اسکینڈل کی تحقیقات کا دائر ہ وسیع کر دیا گیا ہے اور وسیع پیمانے پر تحقیقات کیلئے ڈی جی راولپنڈی کرنل (ر) صبح صادق کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو عنقریب مضاربہ گروپ کے چیئرمین مولانا ایوبی کی گرفتاری کیلئے دبئی روانہ ہو گی، ساتھ ہی الیگزر گروپ کے ایک اور اہم کردار مفتی ابراہیم جو اِس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہے، سے نیب تحقیقات میں مصروف ہے۔

قارئین محترم! دین کے نام پر غریب و سادہ لوح عوام کو لوٹنے کا یہ طریقہ واردات نیا نہیں ہے، ماضی میں بھی ایک مخصوص مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اِس قسم کی دھوکہ دہی، فراڈ اور لوٹ مار میں ملوث رہے ہیں، الائینس گروپ اور ٹی جے ابراہیم اینڈ کمپنی وغیرہ کے نام آج بھی آپ کی یادداشت میں محفوظ ہونگے، مگر اِس مرتبہ پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے مضاربہ اسکینڈل کے مرکزی کردار مفتی احسان کے ساتھ وابستہ بعض بڑی بڑی شخصیات اور مفیان کرام کے نام بھی سامنے آرہے ہیں، جس میں خاص طور پر جامعہ بنوریہ کراچی کے ریئس مفتی نعیم، اُن کے بیٹوں، بھائی اور مفتی عبداللہ شوکت کے ساتھ کئی مشہور علماء کرام شامل ہیں، گو مفتی نعیم اور جامعہ بنوریہ اخبارات میں اشتہارات وغیرہ کے ذریعے اِس اسکینڈل سے اپنی برات کا اعلان کر چکے ہیں، جبکہ کچھ مدرسوں اور دارالعلوم کی جانب سے بھی وضاحتیں سامنے آئی ہیں، تاہم اِس کے باوجود بعض افراد کا دعویٰ ہے کہ اُن کے پاس اِن مفتیان کرام کی جانب سے دیئے گئے فتوے اور اُن سے ہونے والی گفتگو کی ویڈیو موجود ہے، چنانچہ اِس تناظر میں ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ اِس حوالے سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔

American Dollar

American Dollar

اِس تمام قضیئے میں سب سے زیادہ قابل افسوس پہلو یہ ہے کہ اِس مخصوص مکتبہ فکر سے وابستہ مفتی اور علماء کے گروپ نے مختلف جعلی کمپنیوں ( البرکہ مارکیٹنگ، الیگزر گروپ وغیرہ ) کا سہارا لے کر مضاربہ اور مشارکہ کے نام پر ہزاروں شہریوں سے کھربوں روپئے ہڑپ کرلیے ہیں، اِن جعلی کمپنیوں نے ملک اور ملک سے باہر مبینہ طور پر ایسے منصوبوں میں کھربوں روپئے کی سرمایہ کاری ظاہر کی ہے، جن کا زمین پر کوئی وجود ہی نہیں ہے، صرف ایک الیگزر نامی کمپنی نے نصف درجن کے قریب منصوبوں میں 7 ارب سے 26 ارب کی سرمایہ کاری کا دعویٰ کیا ہے،جس میں موٹر سائیکل تیار کرنے والی فیکٹری کے منصوبے پر ایک کھرب 30 ارب روپئے دکھائے گئے ہیں، اِس مقصد کیلئے لاہور کے قریب 45 ایکٹر زمین کی خریدی ظاہر کی گئی ہے لیکن فیکٹری کہاں ہے کسی کو نہیں معلوم اسی طرح الیگزر نے فضائی کمپنی کا منصوبہ بھی شروع کیا جس پر41ارب لگانے اور کمپنی کے فلیٹ میں بوئنگ 737شامل کرنے کا دعوی کیا گیا، مگر یہ بوئنگ کس ائیر پورٹ سے اڑتا ہے، کہاں جاتا ہے اور کون لوگ اِس میں سفر کرتے ہیں، کوئی نہیں جانتا۔الیگزر کا دعویٰ ہے اُس نے فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز پر ایک سو کروڑ امریکی ڈالر یعنی 95 ارب روپئے سے زائد کی سرمایہ کاری کی، جبکہ حصص کی مالیت 3 کھرب 80 ارب روپئے ہے لیکن زمین پر یہ منصوبہ ہنوز لاپتہ ہے۔

اِس کے علاوہ الیگزر گروپ، الیگزر جوسز،الیگزر منرل واٹر،الیگزر انرجی مشروبات، الیگزر چائے وغیرہ بنانے کا بھی دعویٰ کرتا ہے مگر یہ تمام چیزیں آپ کو کسی مارکیٹ میں نظر نہیں آئیں گی، ساتھ ہی اِس گروپ کی جانب سے الیگزر الیکٹرونکس، الیگزر انرجی سیور اور گھریلوں استعمال کی اشیاء فریج ،ٹی وی وغیرہ بنانے کا بھی دعویٰ موجود ہے لیکن تحقیقاتی رپورٹ کہتی ہیں کہ اِن تمام کمپنیوں کاسرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے، اِسی طرح الیگزر نے ”سکون سٹی “ کے نام سے رہائشی منصوبے لاہور،اسلام آباد اور راولپنڈی میں شروع کرنے کیلئے 2500 ایکٹر اراضی حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، مگر یہ زمین کہاں ہے، الیگزر کے لاہور آفس کو بھی نہیں معلوم ساتھ ہی اِس گروپ کا کہنا ہے کہ اُس نے بھاری سرمایہ کاری سے ایتھوپیا میں ایک لاکھ ایکٹر اراضی کی خرید اری کی ہے، اِس گروپ نے ایک چننگ اور سپننگ فیکٹری بھی خریداری میں ظاہر کی ہے، جس کی پیداوار تاحال صفر ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ اس کمپنی نے اِن منصوبوں پر خرچ کی گئی رقم ظاہر نہیں کی ہے،البتہ بعض دیگر منصوبوں پر کھربوں روپئے کی سرمایہ کاری دکھائی گئی ہے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اِن کمپنیوں میں کیپ ایبل ایشیا الیگزر، آصف جاوید ٹریڈ کمپنی، حبیب کارپوریشن، میزان، سپیڈکس، ایم ایم قریشی پرائیوٹ لمیٹیڈ، الغفار ایسوسی ایشن، شفیق کیبل مرچنٹ، گرین کارپوریشن،المسلم ٹریڈنگ کمپنی، الحاشر مضاربہ کمپنی، البرکہ مضاربہ کمپنی اور مسیحا انٹر پرائزز وغیرہ بھی شامل ہیں،جنھیں سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے مضاربت کی اجازت نہیں ہے اورنہ ہی اِن کمپنیوں نے خود کو درست طریقے سے رجسٹرڈ کروایا ہے، مگر اِس کے باوجود اسلامی مضاربت اور شراکت کے نام پر اِن کمپنیوں نے عوام سے کھربوں روپئے ہتھیالیے ہیں۔

اِس حوالے سے قومی روزنامے میں شائع ہونے والی رپورٹ کہتی ہے کہ ” 850 افراد نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے رجوع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے ساتھ 500 ملین روپے کا فراڈ کیا گیا، رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ اِس کیس میں مفتیوں کی صرف ایک کمپنی ملوث ہے جو مضاربہ اور مشارکہ کے نام سے کاروبار کر رہی ہے،اِس بات کی بھی اطلاعات ہیں کہ مفتیوں کے مختلف گروپ مختلف کمپنیوں کیلئے کام کرتے ہیں، لیکن، چیئرمین نیب کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے ادارے نے فی الحال صرف ایک گروپ کے خلاف تحقیقات کی ہیں، رپورٹ کے مطابق سود سے پاک اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر مفتیوں کے ایک گروپ نے ماہانہ 6 سے 8 فیصد منافع پر مضاربہ اسکیم میں پیسے لگانے کا لالچ دے کر مبینہ طور پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد کا استحصال کیا ہے،اِن مفتیوں پر بھروسہ کرکے بہت سی خواتین نے اپنے زیورات اور لوگوں نے جائیدادیں اور کاروبار بیچ کر مضاربہ کمپنی میں سرمایہ کاری کی اور اپنی جمع پونجی اِس امید پر اِن حضرات کے حوالے کر دی کہ سود سے پاک اچھا منافع کما سکیں گے۔

Nab Chairman

Nab Chairman

جبکہ نیب ذرائع کے مطابق اُسے مفتی احسان الحق اور اُن کے گروپ کے خلاف شکایت موصول ہوئی جو نفع نقصان کی بنیاد پر عوام کے پیسوں پر کاروبار کرتے تھے، اِس گروپ کو عوام نے مضاربہ کے نام پر پیسے دیئے، جس کے پاس کوئی اتھارٹی یا اجازت نامہ نہیں تھا اور یہ بطور مضاربہ کمپنی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے پاس رجسٹر بھی نہیں تھی، اِس شکایت کی وجہ سے نیب نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں اور عوام کی آگاہی کیلئے نیپ نے ایک اشتہار بھی شایع کروایا کہ عوام مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کاری نہ کریں اور جن لوگوں کو پہلے ہی ٹھگ لیا گیا ہے، وہ اپنے دعوے نیب کے پاس درج کروائیں، چنانچہ گزشتہ ماہ کے وسط تک 856 افراد نے نیپ سے رابطہ کرکے اپنے دعوے درج کرائے،جبکہ بہت سے متاثرین ایسے بھی ہیں، جنہوں نے اِن کمپنیوں میں لاکھوں کروڑوں میں سرمایہ کاری کی ہے، وہ اپنی شکایات نیب میں درج کرانے سے اِس لیے ہچکچا رہے ہیں کہ انہیں ڈر ہے کہ ادارہ اُن لاکھوں کروڑوں روپے کے ذرائع آمدنی سے متعلق اُن کے خلاف بھی تحقیقات شروع نہ کردے جو انہوں نے فراڈ مضاربہ اسکیم میں منافع کیلئے لگائے تھے۔“

ابتدائی تحقیقات کے بعد نیب کو یہ بھی معلوم ہوا کہ مفتیوں کے اِس گروپ نے بدنیتی کے تحت عوام سے بطور مضاربہ کمپنی اپنی رجسٹریشن کا معاملہ بھی چھپایا اور عوام سے بھاری رقوم وصول کیں اور انہیں میسرز فیاضی گوجرانوالہ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ (جو کہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے اور اِس کے پاس مضاربہ کمپنی چلانے کا اختیار نہیں ہے)کے نام سے رسیدیں جاری کیں، چنانچہ عوامی شکایات پر نیب نے مفتی احسان کو گرفتار کرلیا،جہاں ملزم نے اپنے گناہ کا اعتراف کرتے ہوئے نیب آرڈیننس 1999ءکی شق25 اے کے تحت رضاکارانہ طور پر رقم واپس کرنے پر آمادگی ظاہر کی، چنانچہ 18جون کو نیب نے ملزم کی VR کی درخواست قبول کر لی اور اِس حوالے سے 55 کروڑ 20 لاکھ روپے کی مجموعی رقم میں سے ملزم نے 44 لاکھ 60 لاکھ روپے کے 20 پے آرڈر جمع کرادیئے اور ملزم کی درخواست پر باقی رقم ایک ماہ بعد ادا کرنے کی اجازت دی گئی،جبکہ ملزم کی 6 غیر منقولہ جائیدادوں کے کاغذات بھی نیب نے اپنے پاس بطور ضمانت رکھ کر اُسے رہا کر دیا تھا۔ باخبر ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ مفتی احسان کی کمپنی کے علاوہ بھی دیگر دو کمپنیاں اسی طرح کے غیر قانونی دھندے میں ملوث ہیں،اِس حوالے سے ایک متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اُس نے مفتی عثمان نامی شخص کی کمپنی میں 2 کروڑ روپے لگائے جو مفتی عثمان نے ربا فری (سود سے پاک) کاروبار کے نام پر حاصل کئے تھے،اِس متاثرہ شخص کے مطابق کئی اعلیٰ علماءاور مذہبی گروپس کا نام بھی اِس کاروبار میں لیا جاتا ہے۔

باخبر ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں اِس اسکینڈل کے نمایاں کرداروں میں مفتی احسان الحق 280 ارب سے زائد،زید شاہان صدیقی المعروف سیٹھ میمن ڈیفنس والا 125 ارب، شفیق الرحمن 80 ارب سے زائد اورمفتی اسامہ ضیاء 20 ارب سے زائدکے فراڈمیں ملوث ہیں،اسی طرح مختلف چھوٹے گروپ بھی ہیں، جن کا فراڈ کروڑوں میں بتایا جاتاہے،جبکہ مفتی اسامہ ضیاء کا فراڈ چند ماہ قبل ہی راولپنڈی میں منظر عام پر آیاہے، جس کے بعد یہ شخص مفرور اور ایک اطلاع کے مطابق پاکستان سے فرار ہوچکاہے،ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ مفتی احسان الحق اور مفتی اسامہ ضیاء10سے 20 فی صد تک منافع اپنے ایجنٹوں کو دیتے اور وہ ایجنٹ 5 سے 15 فی صد تک عوام کو منافع کی مد میں ادا کرتے تھے، یوں یہ منافع عام بینکوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تھا،اعتماد وبھروسہ حاصل کرنے کیلئے فراڈکرنے والوں نے ابتدائی طورپر لوگوں کو بروقت ادائیگیاں بھی کیں، جس سے لوگوں کا اعتماد بڑھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے طول و عرض میں یہ وبا پھیل گئی، اگرچہ فراڈ میں ملوث افراد اور ادارے رقوم کے لین دین کیلئے بینکوں کو ذریعہ بناتے تھے، لیکن یہ کسی ادارے کی بجائے انفرادی ناموں کو استعمال کرتے تھے، جبکہ ایجنٹ رقوم کے حصول کے لیے بینکوں یا دیگر ذرائع پر انحصار کرنے کے بجائے نقد رقم پر توجہ دیتے اور متاثرین کو کو ئی مصدقہ ثبوت فرائم کرنے کی بجائے اپنے نام نہاد اداروں کی پرنٹ شدہ رسیدیں دیتے،جبکہ بعض تو کوئی ثبوت بھی نہیں دیتے اور اگر کوئی مطالبہ کرتا تو کہا جاتا اگر آپ کو اعتماد نہیں تو اِس کاروبار میں شرکت نہ کریں، یہ وہ طریقہ واردات تھا جس نے عوام کو مزید گمراہ کیا،یہی وجہ ہے کہ متاثرین کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے، جن کے پاس اپنی انویسمینٹ کے حوالے سے کوئی ثبوت ہی موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے وہ نہ کسی جگہ اپنی رقم کی وصولیوں کا دعویٰ کر سکتے اور نہ ہی قانونی طور پر اُن کی داد رسی آسان ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ ساری مشکوک سرگرمیاں دیوبندی مکتبہ فکر اور اِس مکتبہ فکر کی ” تبلیغی جماعت“ کا نام استعمال کر کے کی گئیں اور اِن لوگوں نے مضاربت کے نام پر پاکستان کے بڑے بڑے مدارس سے فتاوی بھی لیے جنھیں دکھا کر یہ لوگ باآسانی لوگوں کواپنے جال میں پھنسا لیتے تھے، مگر قابل غور پہلو یہ ہے کہ جس وقت یہ کام عروج پر تھا اُس وقت تبلیغی جماعت سمیت تمام ذمہ داران خاموش تھے لیکن اب بھانڈہ پھوٹنے کے بعدیہ لوگ اِس کاروبار سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں،اِس کے ساتھ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اِن جعلی مضاربہ کمپنیوں کے فرنٹ مین کے طور پر جو لوگ سامنے آئے اُن کا تعلق بھی اِس مخصوص مکتبہ فکر اور تبلیغی جماعت سے ہے، مثال کے طور پر تبلیغی جماعت کے ایک دیرینہ ساتھی مفتی ضیاءالحسن جن کا تعلق راولپنڈی کے مشہور و معروف تبلیغی مرکز ”ذکریہ“ مسجد سے ہے اور جو الیگز ر گروپ کی تخلیق کار، روح رواںاور ابتدائی طور پر مضاربہ کار کے طور پر سامنے آنے والے مفتی اسامہ ضیاءاور مفتی احسان ضیاءکے والد ہیں جبکہ ناصر لالیکا مفتی اسامہ ضیاءاور مفتی احسان ضیاءکا برادر نسبتی ہے،اِن حضرت نے اسلام آباد،راولپنڈی کے علماءاور مدارس پر توجہ مرکوز کی اور دیکھتے ہی دیکھتے مفتی اسامہ ضیاءنے اپنے ہم مسلک نوعمر مفتیوں،مدارس کے اساتذہ اور خطباءکو مڈل مین بنا کراُن لوگوں تک رسائی حاصل کرلی یہ جواپنا سرمایہ سودی کاموں میں تو نہیں لگانا چاہتے تھے مگر اپنے سرمائے سے غیر معمولی منافع حاصل کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے۔

ایسے لوگوں تک رسائی کیلئے مفتی اسامہ اور اُن جیسے لوگوں نے دینی طبقے سے وابستہ حلقہ اثر رکھنے والوں لوگوں کو بطور ایجنٹ استعمال کیا، اِن میں اسلام آباد راولپنڈی کے علاوہ دوسرے شہروں کے بیسیوں خطیب،آئمہ مساجد اور مدارس کے اساتذہ بھی شامل ہیں، اِس طرح یہ لوگ محض چند برسوں کے دوران کھربوں روپے اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوگئے اور لوگوں نے اِ ن کے جھانسے اورپر کشش منافع کے لالچ میں اپنی زمینیں، زیورات، رہائشی مکانات، مال مویشی فروخت کر کے تمام جمع پونجی اِن مفتیوں کے حوالے کردی،اسی طرح ہزارہ ڈویڑن کے چھ اضلاع میں فراڈ اور نوسربازی میں ملوث مفتیوں اور قاریوں کا تعلق بھی اسی مکتبہ فکر ہے، اِس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصاً پنجاب اور سرحد کے بڑے شہروں میں جعلی مضاربہ کاروبار کرنے والی کمپنی کیپ ایبل ایشیا کے کرتا دھرتاوں میں بھی اِس جماعت سے وابستہ اہم لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں، یوں ضلع اٹک کی 5 تحصیلوں سے 200 ارب روپئے اکٹھے کرنے والے مفتی بشیر، مفتی عبدالرافع، مفتی عبدالخالق، مفتی اسامہ، مفتی احسان ضیاءاور ناصر لالیکا سمیت اِس کاروبار سے منسلک 95 فی صد افراد کا تعلق اسی مکتبہ فکر سے ہے، جبکہ ضلع دیر لوئر کی عوام بھی تبلیغی جماعت سے وابستہ کچھ افراد کے ملوث ہونے کی وجہ سے اپنی تمام جمع پونجی اِس اَن دیکھے کاروبار میں جھونک کر اپنی زندگی برباد کر چکے ہیں۔

Islamic Law

Islamic Law

قارئین محترم ! اَمر واقعہ یہ ہے کہ مجموعی طور پر کارباری مشارکت اور مضاربت کا یہ عمل اسلام کے وضع کردہ اصولوں پر نہیں بلکہ فراڈ اور دجل و فریب کی بنیادپر شروع کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے حالیہ مضاربہ اسکینڈل ملکی کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی اسکینڈل بن کر سامنے آیا ہے، اِس اسکینڈل کے تمام مرکزی کردار دینی حال، حلیہ، حوالہ اور تعلق رکھنے کی وجہ سے سادہ لوح عوام کو بے وقوف بناکر کھربوں روپئے لوٹ چکے ہیں،لباس خضر میں ملبوس اِن نوسرباز مفتیوں اور قاریوں کے اِس شرمناک طرز عمل کی وجہ سے ناصرف اسلام اور اسلامی اسلامی تعلیمات کو نقصان پہنچا ہے بلکہ اِن کے اس غیر دینی طرز عمل سے اُن مکتبہ فکر جو اِس قسم کے مضاربتی اور مشارکتی معاملات سے قطعی لاتعلق ہیں، کی نیک نامی اور شہرت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، دوسری جانب اِس فراڈ ،لوٹ مار، دھوکہ دہی اور جعل سازی کی وجہ سے عوام کا اُن پر سے اعتماد وبھروسہ بھی مجروع ہوا ہے، لہٰذا حکومت وقت، ارباب اختیار قومی احتساب بیورو اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کی اوّلین ذمہ داری بنتی ہے کہ دین کی آڑ میں اِس سنگین فراڈ میں ملوث تمام خفیہ اور ظاہری کرداروں کو بے نقاب کر کے قوم کے سامنے لایا جائے، ساتھ ہی متاثرین اسکینڈل کی ڈوبی ہوئی رقوم کی واپسی کے انتظامات کیے جائیں اور اِس فراڈ میں ملوث تمام غاصبوں کو کڑی سے کڑی سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی مذہبی حال، حلیئے اور حوالہ رکھنے والے شخص کو یہ جرات نہ ہوسکے کہ وہ اسلام کے نام پر سادہ لوح عوام کے جذبات سے کھیل سکے اور اُن کے اعتماد و بھروسے کا خون کر سکے۔

تحریر: محمد احمد ترازی