اسلامی سال کا آغاز مسلمانوں کیلئے پیام امن

Muharram ul Haram

Muharram ul Haram

تحریر : سید مبارک علی شمسی
محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے۔ اسلامی سال کی ابتداء بھی قربانی سے ہوتی ہے اور خاتمہ بھی قربانی پر۔۔۔۔۔۔ ابتدائی قربانی حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کی قربانی ہے اور آخری قربانی حضرت اسماعیل کی ہے۔ سال میں اسلامی نقطہ نظر سے تین عشرے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ پہلا عشرہ ماہِ محرم حق و باطل کی معرکہ آرائی، افواج باطل کی چڑھائی اور مظلوموں کے صحرائوں میں تنہائی کے دن ہیں۔

دوسرا عشرہ رمضان شریف کا آخری عشرہ ہے۔ جو نزول قرآن کا عشرہ ہے۔ لیلة القدر کا عشرہ ہے۔ اعتکاف کا عشرہ ہے۔ شہادت امیرالمومینن کا عشرہ ہے۔ جس میں خدا کی یاد پہلے سے بڑھ کر منائی جاتی ہے۔ مباح و جائز لذات بھی ترک کرنی پڑتی ہیں۔ مساجد میں قیام کا دوام اور بلااشد ضرورت کے نکلنا حرام ہو جاتا ہے۔ اسکی ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں سے افضل ہوتی ہے اور تمام مسلمان اس کو رسوم وقیودگی اور پابندی سے مناتے ہیں۔

تیسرا عشرہ ذوالحجہ جس میں حاجیان باکرام اطراف عالم سے شہر مکہ معظمہ میں جمع ہوتے ہیں۔ احرام بستہ باحالت خستہ، امیر و فقیر پا برہنہ و سربرہنہ یک لباس یاداسماعیل و ابراہیم منانے کے لیئے آتے ہیں۔

Hazrat Imam Hussain

Hazrat Imam Hussain

بیت اللہ کا والہانہ طواف، درویشی، رہبانیت کے نمونے کہیں رمی الجمعرات ہے تو کہیں صفا مروہ کے طواف، میدان عرفات میں حاضری و ہجوم ، لبیک و سعدیک کے نعرے بلند ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ مقام منیٰ کی قربانیاں اور آمدورفت کی کثرت سب اس عشرہ کے خواص ہیں۔

محرم الحرا م کا پہلا عشرہ ذبح عظیم کے خواب اور اسکی تعبیر کا عشرہ ہے۔ ذبح عظیم کے مصداق کا عشرہ ہے مگر افسوس اسے مسلمان بڑی بے اعتنائی سے گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔۔۔۔۔ہائے حسین تیری قسمت ، کتنی عزت اور کیسی مصیبت تیرا عشرہ بھی نظر غفلت ہو گیا؟ حضرت امام حسین نے سجدے میں سر کٹاکر ہمیں ہر حال میں صبرکرنے کا درس دیا ہے۔ ہم سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ہماری خوشیاںا ور ہمارے غم سانجھے ہیں۔

مگر چند اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں ہمارے ملک میں انتشار پھیلا کر ہمیں آپس میں لڑا کر ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ یہ دراصل یہودونصاریٰ کے چیلے ہیں جو ہمارے ملک کے کونے کونے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ محرم الحرام ہمارے لیئے پیام امن ہے۔ ہمیں بھی چاہیے کہ ہم سب مذہبی زنجیروں سے آزاد ہو کر امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھیں۔ اور محبت و بھائی چارے کے ساتھ عاشورہ محرم گزار کر ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں امام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسلام دشمن طاقتوں کو نیست ونابود کرے۔(آمین)۔

Mubarak Shamsi

Mubarak Shamsi

تحریر : سید مبارک علی شمسی
ای میل: mubarakshamsi@gmail.com