اسرائیلی وزیر دفاع کی غزہ کی سرحد پر حماس کی قیادت کو سنگین نتائج کی دھمکی

Benny Gentz

Benny Gentz

اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کو خبردار کیا ہے کہ اس نے غزہ کی سرحد سے آتش گیر گولے پھینکنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ہمارا جواب دردناک ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی سرحد سے ہمارے اوپر آتش گیر غبارے پھینکے جا رہے ہیں اور ہمارے صبر کا پیمانی لبریز ہو رہا ہے۔ ہماری جوابی کارروائی حماس کے لیے بہت دردناک ہوگی۔

عبرانی ٹی وی چینل’کے اے این’ کے مطابق جنوبی اسرائیل میں آئرن ڈون کی بیٹری کے دورے کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ حماس کی قیادت کو بہ خوبی علم ہے کہ ہمارے اوپر جو آتش گیر غبارے چھوڑے جا رہے ہیں وہ حماس کے لیے کتنے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ہمارے جوابی اقدامات حماس کے لیے بہت زیادہ المناک ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ سے ہم کوئی راکٹ یا آتش گیر غبارہ قبول نہیں کریں‌ گے۔ فلسطینی تنظیموں کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کا موثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ غزہ کی پٹی سے چھوڑا جانے والا کوئی گیسی غبارہ یا آتش گیر مواد ہمارے لیے میزائل سے کم نہیں۔

قبل ازیں جمعہ کو اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ضرورت پڑی تو غزہ کی پٹی میں حماس کی قیادت پر کاری ضرب لگائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہودی کالونیوں پر آتش گیر مواد پھینکنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔