اسرائیل فلسطین کیساتھ اپنا تنازع حل کرے : امریکا

John Kerry

John Kerry

واشنگٹن (جیوڈیسک) ہمارے پاس قیام امن کا ایک بہترین موقع اور امکانات موجود ہیں ، مشکلات کے باوجود امن سے سمجھوتہ اسرائیل کے لئے بہتر ہوگا ، وزیر خارجہ جان کیری کا خطاب امریکا نے بالاخر اپنے چہتے اتحادی اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے فلسطین کے ساتھ اپنے تنازع کو حل کرے ورنہ یہ آخری موقع ہاتھ سے نکل گیا تو پچھتاوا ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امریکن یہودی کمیونٹی گلوبل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے ساتھ اپنے تنازع کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھے اور اس حوالے سے پائے جانے والے موقع سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جو کچھ ہونے والا ہے وہ دراصل ایک انتباہ ہوگا کہ آئندہ چند دہائیوں کیا کچھ ہوسکتا ہے۔

میرے خیال میں ہمارے پاس وقت بہت کم ہے اور ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اور مسئلے کے حل کے امکانات کو مسلسل کھوتے جا رہے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ اگر ہم تنازع کے حل میں کامیاب نہ ہوسکے تو یقینا ایسا موقع دوبارہ کبھی نہیں ملے گا اور یقینا ہم اپنے مستقبل کو قید خانے میں ڈال دینگے۔

جان کیری نے کہا کہ اسرائیل کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ مشکلات کے باوجود امن سے سمجھوتہ کرلے۔ اگر ہم یہ دیکھیں گے کہ امن سے سمجھوتہ کرنے میں کتنی مشکلات اور چیلنجز ہیں تو یقینا ہمیں ان چیلنجز پر بھی نظر رکھنا ہوگی جس کا سامنا آئندہ آنے والے دنوں میں بدامنی کے باعث کرنا پڑے گا۔