استنبول : مظاہرین کی وزیراعظم کے دفاتر کی طرف بڑھنے کی کوشش ناکام

Istanbul Protesters

Istanbul Protesters

استنبول (جیوڈیسک) ترکی میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ پولیس استنبول میں وزیر اعظم دفاتر کے سامنے مظاہرین کی لگائی گئی رکاوٹیں ختم کرنے میں ناکام رہی تاہم مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ ترکی کے شہر استنبول میں گزشتہ جمعے کو ایک تعمیراتی منصوبے کے خلاف شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ ختم ہونے میں ہی نہیں آرہا۔

ترکی کے نائب وزیر اعظم کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال پر معافی مانگنے کے باجود مظاہرین تقسیم اسکوائر پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور وزیر اعظم طیب اردگان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ استنبول میں مظاہرین نے وزیر اعظم کے دفاتر کے قریب رکاوٹیں بنا رکھی ہیں۔

مظاہر ین نے گزشتہ رات وزیر اعظم دفاتر کی جانب مارچ شروع کیا تو پولیس کی جانب سے واٹر کینن کا استعمال کیا اور آنسو گیس پھینکے گئے۔ پولیس رکاوٹیں بھی ختم نہیں کر سکی۔ ترکی بھر میں احتجاج اور جھڑپوں کے دوران کم از کم 3 ہزار 1 سو پچیانوے افراد زخمی ہوئے جس میں 26 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔