جاوید میانداد کی بطور ڈی جی قسمت کا فیصلہ آج متوقع

Javed Miandad

Javed Miandad

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کو ہیڈکوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

اس موقع پر بگ تھری کے معاملے پر چیئرمین نجم سیٹھی کی سابق سربراہان اور کرکٹرز کے ساتھ مشاورت کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل جاوید میاندادکی قسمت کا فیصلہ بھی متوقع ہے،اراکین چیف سلیکٹر راشد لطیف سمیت دیگر عہدیداروں کے تقررکی توثیق کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں ہوگا، بگ تھری کے معاملے پر سابق سربراہوں اور کرکٹرز کے ساتھ مشاورت کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کیلیے جمعے کو ڈھاکا روانہ ہوں گے، وہاں ان کی بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، ان میں تین بڑوں کے معاملے پر پاکستان کے نئے موقف کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پی سی بی کے3سابق سربراہوں اعجاز بٹ،توقیر ضیا اور خالد محمود نے نجم سیٹھی سے ملاقاتوں میں اپنا موقف تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیا،ان کا خیال تھا کہ اس اقدام سے پاکستان عالمی کرکٹ میں مزید تماشا بنے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ حلقوں کی مخالفت کے باوجود پی سی بی نے بگ تھری کے معاملے پر یوٹرن لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان سے صرف رسمی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جاوید میاندادکا استعفیٰ منظور کرنے سے قبل انھیں انتظامی امور کے بجائے کرکٹ کی کوئی ذمہ داری سنبھالنے کی پیشکش کی جائے گی، اراکین چیف سلیکٹر راشد لطیف سمیت دیگر نئے عہدیداروں کے تقررکی توثیق اور پی سی بی کے نئے آئین کی تیاریوں کے بارے میں بات چیت بھی کرینگے۔

یاد رہے کہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ جمعرات کو ہونا تھا تاہم بگ تھری کے معاملے پر مزید مشاورت کیلیے ایک ہفتے کیلیے موخرکردیا گیا، نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد میٹنگ کے اگلے روز ہی بنگلہ دیش روانہ ہو جائیں گے۔