جان بولٹن کی کتاب جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں کا پلندا ہے : ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کی کتاب کو “حماقت پر مبنی اور انتہائی بیزار کُن ” قرار دیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ کتاب جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں کا پلندا ہے۔

جمعرات کے روز اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ جان بولٹن ایک ایسی احمق اور غصہ ور شخصیت ہیں جس پر صرف جنگی جنون سوار رہتا ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے منگل کے روز عدالت میں دعوی دائر کیا ہے۔ اس کا مقصد بولٹن کو ان کی کتاب شائع کروانے سے روکنا ہے۔ توقع ہے کہ قومی سلامتی کے سابق مشیر کی کتاب میں ریپبلکن صدر اور ان کے طریقہ حکومت کے بارے میں انتہائی تاریک تصویر پیش سامنے آئے گی۔

واضح رہے کہ جان بولٹن نے اپنی کتاب کے پورے متن کے لیے منظوری حاصل نہیں کی۔ اس کے سبب وہ ان دستخط شدہ سمجھوتوں کی کھلی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں جن کے تحت یہ شرط عائد کی گئی تھی وہ انتہائی خفیہ معلومات سے آگاہ کریں گے۔ بولٹن کی کتاب کو رواں ماہ کی 23 تاریخ کو شائع ہونا ہے۔

متنازع سیاسی شخصیت جان بولٹن نے ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر کام کیا۔ گذشتہ برس ستمبر میں امریکی صدر کے ساتھ اختلافات کے بعد بولٹن کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ ان اختلافات میں شمالی کوریا اور افغان طالبان تحریک سے متعلق امور خاص طور پر شامل ہیں۔

بولٹن کے مستعفی ہونے کے بعد ان کے اور ٹرمپ کے درمیان تعلق اعلانیہ عداوت میں بدل گئی۔