جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا

Khalil-ur-Rehman Ramday, Imran Khan

Khalil-ur-Rehman Ramday, Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کو سابق سپریم کورٹ کے جج کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی سے متعلق ان پر بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان نے جس وقت ان پر الزامات لگائے اس وقت وہ لندن میں تھے۔

اس لئے وہ فوری طور پر انہیں نوٹس نہیں بھجوا سکے تاہم اب وہ وطن واپس آگئے ہیں اس لئے انہوں نے قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان نے 14 روز میں ان پر لگائے گئے الزامات پر غیر مشروط معافی نہ مانگی تو وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 11 اگست کو سپریم کورٹ کے سابق جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرانے کے لئے انتخابات میں دھاندلی کارئی تھی جبکہ اس سے قبل سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی عمران خان کو ہتک عزت کے نوٹسز بھجوا چکے ہیں۔