کے ای ایس سی نے پاکستان اسٹیل کی بجلی بحال کر دی

KESC

KESC

کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ چھ روز سے بند پاکستان اسٹیل ملز کی چمنیوں سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا کے ای ایس سی نے چیک وصول کرنے کے بعد ادارے کی بجلی بحال کر دی۔ اسٹیل ملز حکام کے مطابق کے ای ایس سی کو بعد کی تاریخوں کے 24 چیک جاری کیے ہیں اور ہر چیک کی مالیت 1.5 کروڑ روپے ہے۔24 چیکس کی مجموعی مالیت 36 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیل ملز کی جانب سے 32 کروڑ روپے کی رقم لکھا ہوا ایک اور چیک بھی کے ای ایس سی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس طرح اسٹیل ملز نے مجموعی طور پر 68 کروڑ روپے مالیت کے چیک کے ای ایس سی کو دے دیئے ہیں۔کے ای ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز کی جانب سے مقررہ تاریخوں کے لیے دیئے گے چیکس میں سے اگر کوئی بھی باونس ہوا تو بغیر نوٹس کے اسٹیل ملز کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔ اسٹیل ملز مسلسل خسارے کے باعث شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے اور حالات اس حد تک بد تر ہو گئے کہ ادارے کے 16 ہزار ملازمین دو ماہ سے اپنی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔