کامونکی : مین بازار میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے آگ لگ گئی، 8 دکانیں متاثر

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی کے مین بازار میں بجلی کا ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا، بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 8 دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، دھوئیں سے 4 افراد بیہوش ہوگئے، فائر بریگیڈ والوں نے 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ عینی شاہدین کے مطابق مین بازار کامونکی میں اچانک بجلی کا ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا۔

جس سے قریبی کپڑے اور نائیلون کی رسیوں کی دکانوں میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 3 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا، نائیلون کی رسیاں جلنے سے وہاں موجود 4 افراد بیہوش ہوگئے، جنہیں ریسکیو کی ٹیم نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے کا سامان جل گیا، فائر بریگیڈ حکام نے 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔