قندھار: رومانیہ کے وزیراعظم، نائب اور وزیر دفاع میزائل حملے میں بچ گئے

Kandahar

Kandahar

بخارسٹ (جیوڈیسک) رومانیہ کے وزیراعظم وکٹر پونٹا، وزیر دفاع مرسیدوسا اور نائب وزیراعظم افغانستان کے شہر قندھار میں میزائل حملے میں بال بال بچ گئے۔ حملے کے دوران رومانیہ کے اعلیٰ حکام کو نیٹو کے فوجی میں واقع بنکروں میں بحفاظت منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعظم پونٹا وزیر دفاع اور نائب وزیر اعظم کے ہمراہ اتوار کو قندھار کے فوجی اڈے پر افغانستان سے رومانین فوج کے انخلا کے حوالے سے ایک تقریب میں شریک تھے اچانک فوجی اڈے پر میزائل داغے گئے۔ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب اعلیٰ حکام رومانین فوجیوں کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے۔

جب خطرے کی گھنٹی بجی تو وزیراعظم سمیت تمام حکام کو طریقہ کار کے مطابق زمین پر لیٹنے کی ہدایت کی گئی اور بعدازاں انہیں وہاں سے بحفاظت بنکروں میں منتقل کر دیا گیا۔ رومانیہ کے اعلیٰ حکام اور وفد میں سویلین ارکان کو آرمرڈ گاڑیوں کے ذریعے وہاں پہنچایا گیا۔

بعدازاں فوجی اڈے میں افغان جنگ میں ہلاک ہونے والے رومانیہ کے 23 فوجیوں کی یادگار پر پھول چھڑانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رومانیہ کے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ اپنے فوجی جوانوں کیساتھ زیادہ دیر تک بیٹھ سکا۔