کپل شرما نے سنیل گروور کی طرف پھر دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا

Kapil Sharma

Kapil Sharma

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کے مزاحیہ اداکار کپل شرما نے سنیل گروور کی ہارٹ سرجری کے بعد ایک بار پھر دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنے پرانے ساتھی سنیل گروور کے دل کے آپریشن کی اطلاع ملنے پر کپل شرما نے پریشانی کا اظہار کیا اور پرانی باتیں بھول کر ایک بار پھر دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔

کپل شرما نے بتایا کہ سرجری کی اطلاع ملتے ہی میں نے سنیل کو موبائل پر میسج کیا، جس کا فی الحال کوئی جواب نہیں آیا مگر مجھے یقین ہے کہ وہ جواب ضرور دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں گاہے بگاہے سنیل کے اہل خانہ سے اُن کی طبیعت اور خیریت دریافت بھی کررہا ہوں۔

تین روز قبل سنیل گروور کے دل کا کامیاب آپریشن ہوا، طبعیت میں بہتری کے بعد ڈاکٹرز نے اداکار کو گھر جانے کی اجازت دے دی۔

اداکار 27 جنوری کو سینے میں تکلیف کے باعث طبی معائنے کے لیے اسپتال پہنچے تھے جہاں معائنے سے پتا چلا کہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن کے بعد سنیل گروور بالکل ٹھیک ہیں لیکن انہیں عام زندگی میں اپنی صحت کے حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: کپل شرما شو کے اہم کردار سنیل گروور کی اوپن ہارٹ سرجری

واضح رہے کہ سنیل گروور بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے بڑے ناموں میں سے ایک ہیں، انہوں نے کامیڈی نائٹ ود کپل اور کپل شرما شو میں مزاحیہ اداکاری کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

بعد ازاں کپل اور سنیل کے تعلقات خراب ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ کپل کے کسی بھی پروگرام کا حصہ بنے اور نہ ہی کسی شو میں ساتھ نظر آئے۔