کراچی کی 25 یونین کونسلوں میں انتہائی سیکیورٹی میں انسداد پولیو مہم جاری

Polio

Polio

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد کی 25 حساس یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔ اس دوران ان علاقوں میں شام 6 بجے تک موٹرسائیکل چلانے پر بھی پابندی ہے۔

سندھ حکومت کی انسداد پولیو مہم کے تحت کراچی کے ضلع شرقی کی 7 ، غربی کی 11 ، ملیر کی 5 جبکہ جنوبی اور وسطی کی ایک ایک یونین کونسل میں 5 سال سے کم عمر کے ہزاروں بچوں کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

اس دوران رضاکار ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

رضاکار ٹیموں کے ساتھ پولیس کے اہلکار بھی موجود ہیں اس کے علاوہ متعلقہ علاقوں میں شام 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی ہے۔