کراچی میں آج دو پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رمضان المبارک میں بھی قتل غارت گری رکنے کا نام نہیں لے رہی، آج بھی دو پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کی زندگیاں چھین لی گئیں۔ پٹیل پاڑہ میں رینجرز نے آپریشن کرکے 2 مبینہ ٹارگٹ کلر ز سمیت 9 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پٹیل پاڑہ میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے د وران مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ آپریشن میں خواتین رینجرز سمیت 300 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز طارق عرف ڈان اور عاصم مرزا سمیت نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

بھاری مقدارمیں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن مکمل ہونے اور رینجرز کے جانے کے بعد مشتعل افراد نے ذرائع کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب بلدیہ ٹاون میں کچرا کنڈی سے دو تشدد زدہ بوری بند لاشیں ملیں۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

لانڈھی مظفرآباد کالونی اور گرومندر میں فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا۔ ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ بلدیہ ٹاون میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔