کراچی : عباس ٹاؤن دھماکے سے جاں بحق افراد کا چہلم

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک)کراچی سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے افراد کا چہلم ابوالحسن اصفہانی روڈ پر منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔اس موقع پر علما اور سیاسی رہنما ں نے دہشت گردوں کوکیفرکردارتک پہنچانے کامطالبہ کیا۔ علما نے شیعہ اور سنی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔

چہلم کی تقریب میں علامہ ساجد علی نقوی، مفتی منیب الرحمن، مولانا اصغر درس،شہنشاہ حسین نقوی، مرزا یوسف سمیت کئی علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر کئی سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی پر زور مذمت کی اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیا۔

علما کا کہنا تھا کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں شیعہ سنی دونوں کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے، دونوں فرقوں کو آپس میں لڑانے کی سازش ناکام ہو گئی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا نشانہ کوئی بھی بنے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ عباس ٹاون کے متاثرین کو فوری طور پر اعلان کردہ معاوضے ادا کئے جائیں۔