کراچی: سی این جی ایسوسی ایشن، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، عوام کو مشکلات

 Transporters Strike

Transporters Strike

کراچی (جیوڈیسک) سی این جی بندش کے دورانیہ کا تنازع شدت اختیار کر گیا سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹرز نے آج سے سندھ بھر میں غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا،پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سی این جی سٹیشنز کو ہفتے میں تین روز سے زائد گیس کی بندش پر تنازع شدید نوعیت اختیار کر گیا،ہفتے میں تین روز سے زائد گیس کی عدم فراہمی پر سی این جی ایسو سی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کر دی۔

ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نے شہریوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ضرورتمند مسافر اپنی منزل پر جانے کیلئے رکشہ اور ٹیکسی والوں کو منہ مانگے دام دینے پر مجبور ہیں۔

سی این جی ایسو سی ایشن نے دیگر شعبوں کیلئے گیس کی بندش کا شیڈول جاری کرنے اور عدالتی احکامات کے مطابق کیپٹِو پاور پلانٹس کو گیس کی سپلائی روکنے یا کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سی این جی ایسو سی ایشن اور ٹرانسپورٹ اتحاد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چھ جنوری کو سوئی سدرن گیس حکام سے معاہدہ طے پایا تھا کہ ہفتے میں تین روز سی این جی فراہم کی جائے گی تاہم معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتے میں چار روز سی این کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے باعث احتجاجاً سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ اور سی این جی سٹیشنز غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔