کراچی میں اب کورونا کی شرح کم ہوکر 7 سے 8 فیصد تک آگئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

Murad Ali Shah

Murad Ali Shah

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب کورونا کی شرح کم ہو کر 7 سے 8 فیصد تک آگئی ہے۔

اسلام آباد میں موجود وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ زیادہ سے زیادہ ویکسینیشن کی کوشش کررہےہیں، سندھ حکومت کو کورونا ایس او پیز پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، ہم نے سندھ میں سخت پروٹوکول رکھا ہوا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم اپنی عوام سے کچھ نہیں چھپاتے، پاکستان کو ابھی تک برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے نہیں نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر کو ہمیشہ یوم دفاع کی تقریب میں ہوتا ہوں، آج عدالتی نوٹس پر اسلام آباد آیا ہوں۔

علاوہ ازیں کراچی میں محکمہ صحت کے ترجمان نے صوبے میں کورونا کے اعداد و شمار جاری کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.71 فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ وزیراعلیٰ سندھ کی بتائی گئی شرح سے زیادہ ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا کے 4 ہزار 718 ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے 458 مثبت آئے۔

حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی شرح 10.68 فیصد ریکارڈ کی گئی، 1676 ٹیسٹ کیے گئے، 179 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان کے مطابق سندھ کے دیگر مختلف اضلاع میں24گھنٹوں میں کورونا کیسز کی شرح 3.33 فیصد ریکارڈ کی گئی، مختلف اضلاع میں 10ہزار 613 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 353 مثبت آئے۔

سندھ بھرمیں مجموعی طورپرکورونا کےمثبت کیسزکی شرح 5.82 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ سندھ بھرمیں کوروناکے17 ہزار 7 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 990 مثبت آئے۔ سندھ میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث 5 افراد انتقال کرگئے۔