کراچی : روئی کے گودام میں آگ ،22 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

Karachi Fire

Karachi Fire

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں کورنگی کے علاقے گودام چورنگی کے قریب روئی کے گودام میں گذشتہ روز لگنے والی آگ پر 22 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔کراچی کے علاقے کورنگی کے صنعتی ایریے میں واقع روئی کے گودام میں گزشتہ روز آگ بھڑک اٹھی تھی۔گودام میں بڑے پیمانے پر روئی کے بنڈل رکھے ہوئے تھے۔

تیز ہوا کے باعث آگ نے شدت اختیار کرلی جس پر آگ کو تیسری درجے کی آگ قرار دیکر شہر بھر کے فائر ٹینڈر اور واٹر براوزر طلب کرلئے گئے تھے۔گزشتہ روز ایک موقع پر آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔ تاہم روئی میں موجود چنگاڑیوں کے باعث آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس پر بائیس گھنٹے کی کوششوں کے بعد آج صبح قابو پایا گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل جاری ہے۔آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔