کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ، 5 افراد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے مزید 5 افراد مارے گئے جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ملزم ہلاک اور دو فرار ہوگئے، اتحاد ٹاؤن میں رینجرز مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے دو مبینہ ملزمان مارے گئے۔

لائنز ایریا، گولی مار، منگھو پیر، نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے اور قائدآباد میں فائرنگ سے 5 افراد مارے گئے جبکہ طارق روڈ پر جھیل پارک کے قریب کار پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے باپ بیٹا زخمی ہوئے۔

ایس پی بلدیہ ٹاون نے بتایا کہ بلدیہ ٹاون نمبر 7 میں قبرستان کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ملزم مارا گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ اتحاد ٹاؤن میں مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لئے چھاپہ مارا گیا تھا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا، جبکہ کالعدم تنظیم سے وابستہ 2 مبینہ ملزمان مارے گئے۔

لیاری کے علی محمد محلے میں دستی بموں سے دو حملے کیے گئے جن سے دو افراد زخمی ہوئے۔