کراچی میں تباہی کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں، حنید لاکھانی

Hunaid Lakhani

Hunaid Lakhani

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے حالیہ مون سون کی بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے کرپشن اور لوٹ مار کرتے ہیں پھر جب لوگ مشکلات کا شکار ہوتے ہیں تو دکھاوے کے لیئے تصاویر بنوانے آ جاتے ہیں ، ند ی نالوں کی صفائی کا فنڈ اگر حکمرانوں کی عیاشیوں کی بجائے نالوں کی صفائی اور شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں گندگی کے ڈھیر ہیں ا ن کو صاف کرنے میں خرچ ہوتے تو شہر نہ ڈوبتا، اب پروٹوکول کے ساتھ سڑکوں پر آنے سے کیا فائدہ ہوگا ان کی نا اہلی کیوجہ سے عوام دربدر ہوگئے ، غریب لوگوں کے گھروں میں پانی کھڑ ا ہے ان کے گھروں میں لاکھوں کا سامان پانی میں ڈوب گیا، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ حکومت کے لوگوں میں بالکل بھی شرم نہیں ہے معاشی حب کو دونوں ہاتھوں سے تباہ کرنے والی سندھ حکومت ہے۔

تجارتی مراکز، مارکیٹس، دوکانیں ، پلازے، فیکٹریاں سب پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں ایک دن اگر کراچی میں کام رک جائے تو ملک کو کھربوں کا نقصان ہوتا ہے حالیہ بارشوں میں اگر کوئی جامع حکمت عملی اور پانی کی نکاسی کا انتظام ہوا ہوتا تو شہر ایک دن کے لیئے بھی بند نہ ہوتا اور ابر رحمت کبھی بھی زحمت نہ بنتی، انہوں نے کہا کہ شہر میں شدید بارشیں ہوئیں وزیراعلیٰ سندھ فوٹوسیشن کے لئے کچھ وقت کے لیئے سڑکوں پر آئے اور ان کے باقی وزیر اپنے گھروں میں بیٹھے رہے، پیپلز پارٹی کے لوگ چاہتے ہیں کہ کراچی تباہ ہو جائے کیونکہ کراچی کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو مسترد کر کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور اس ہی بات کا بدلہ پیپلز پارٹی شہر قائد کی عوام سے لے رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بے حس اور بے شرم سندھ حکومت کے لوگ ابھی بھی یہ ہی کہتے ہیں کہ سب ٹھیک ہے جبکہ شہر کا انفراسٹریکچر تباہ ہوگیا ہے، ان حالات میں بھی سندھ حکومت کے لوگ دوسروں پر الزامات لگارہے ہیں اور اپنی نا اہلی کو تسلیم کرنے سے نالاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ڈھیٹ پن کی تمام حدوں کو عبور کردیا ہے پورے صوبے کی عوام ا ن کو بد دعائیں دے رہی ہیں لیکن ان کے دلوں میں خوف خدا ہی ختم ہو گیا ہے۔