کراچی : لڑکی سے چھیڑ چھاڑ پر لڑکے کے گارڈ کی فائرنگ، نوجوان قتل

Hamza Karachi

Hamza Karachi

کراچی(جیوڈیسک) کراچی میں سکول فیلوز کی لو ٹرائی اینگل مرڈر اسٹوری بن گئی، لڑکی کو چھیڑنے پر حمزہ نے ہاتھ مار دیا، شعیب کے کہنے پر گارڈ نے گولیاں ماردیں، حمزہ جاں بحق، پولیس نے شعیب کو گرفتار کرلیا، گارڈ فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان سحر میں لڑکی سے چھیڑ چھاڑ پر 2 لڑکوں حمزہ اور شعیب نوید کے درمیان جھگڑا ہوا دونوں نوجوانوں کا تعلق پوش گھرانوں سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں لڑکے لڑائی کے بعد آپس میں صلح کیلئے دوستوں اور گارڈز کے ہمراہ پہنچے تو ایک بار پھر لڑائی شروع ہوگئی، شعیب نوید نے غصے میں آکر اپنے گارڈ سے حمزہ پر فائرنگ کرنے کو کہا، جس پر گارڈ نے تابعداری دکھاتے ہوئے حمزہ پر گولیاں برسادیں جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ حمزہ کو فوری طور پر پی این ایس شفا منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

مقتول لڑکے حمزہ کے والد کا کہنا ہے کہ شعیب کا والد بااثر شخص ہے، مجھے انصاف دیا جائے، بڑے افراد نے اپنے گارڈز کو کھلی چھوٹ د ے رکھی ہے۔ گرفتار ملزم شعیب نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کو سلجھانے کیلئے حمزہ سے ملاقات کیلئے گیا تاہم اس نے مجھے تھپڑ مار دیا میں پیچھے جا کر اپنی کار کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔

جس کے بعد اس کی میرے گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی میں نے فائرنگ کی آواز سنی۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق مقتول حمزہ کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا، رپورٹ کے مطابق حمزہ کو انتہائی قریب سے 4 گولیاں ماری گئیں۔