کراچی : لیاری میں دھماکا، بچی جاں بحق، پی پی امیدوار سمیت 19 زخمی

Blast Lyari

Blast Lyari

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں لیاری کے علاقے کمہار واڑہ میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کے قریب دھماکے میں 10 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ پی پی امیدوار عدنان بلوچ ، خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز افضل ندیم ڈوگرکے مطابق لیاری کے علاقے کلا کوٹ کمہار واڑہ میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی آواز ناظم آباد، گارڈن اور دیگر علاقوں میں آواز سنی گئی، زخمیوں کو سول ھسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی 10 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما نے ذرائع سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ این اے 249 میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران بم دھماکا ہوا، جس میں پی پی امیدوار عدنان بلوچ سمیت 20 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق لیاری میں دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا، موٹر سائیکل کار میٹنگ کے مرکزی دروازے پر کھڑی کی گئی تھی۔ دوسری جانب نمائندہ ذرائع ظل حیدر کے مطابق لیاری کے علاقے میں کارنر میٹنگ میں پیپلزپارٹی کے رہنما بھی موجود تھے جبکہ عزیز جان بلوچ کو بھی خطاب کرنا تھا، عزیز جان بلوچ کے کارنر میٹنگ میں پہنچنے کے کچھ دیر بعد ہی دھماکا ہوا۔