کراچی : فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق،6 مطلوب ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے، سہراب گوٹھ پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے چھ انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کالا پل کے قریب سگنل پر فائرنگ سے غلام رسول نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا، گلشن معمار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔

مقتول کی لاش کو ریسکیو ایمبولینس کے زریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ صدر پارگنگ پلازہ کے قریب بھی گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا۔ ادھر منگوپیر کے علاقے کنواری کالونی سے ایک شخص کی چار روز پرانی لاش ملی۔تاہم تینوں مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب سہراب گوٹھ پولیس نے جنجال گوٹھ میں مقابلے کے بعد طالبان کے نام پر بھتہ طلب کرنے والے چھ انتہائی مطلوب ملزمان عبدالروف، قیوم خان، شیر علی، رحمت اللہ، حضرت اللہ اور نیاز کو گرفتار کرلیا، پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملزم قیوم طالبان کمانڈر شیخ زمان محسود کا قریبی عزیز ہے۔ گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور ہائی وے پر جرائم کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔