کراچی میں فائرنگ کے واقعات ، پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پولیس اہلکار اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صدر بوہری جماعت خانے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 16 سالہ اسد ہلاک ہوگیا۔

اسد کھانے کے ہوٹل پر آیا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار 2 افراداس کے قریب آئے ،بات چیت کی اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، مقتول علاقے کا ہی رہائشی تھا۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں یوسف ہارون روڈ پر فائرنگ سے 30 سالہ سعید رضا ہلاک ہوگیا، مقتول کا تعلق لیاری گینگ وار کے کامریڈ گروپ سے ہے اور اسے اس کے ساتھیوں نے کسی تنازع پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے۔

مقتول جمن شاہ پلاٹ کا رہائشی تھا۔ ملیر محبت نگر میں گھرکے اندر داخل ہو کر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 18 سالہ عنبردختر عبدا للطیف کو ہلاک کر دیا، مقتولہ کو 3 گولیاں ماری گئیں۔

مقتولہ کی کچھ عرصے بعدشادی تھی،واقعے کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی، پولیس نے واقعے کو رشتے کا تنازع قرار دیا ہے۔ ٹیپو سلطان کے علاقے میں 2 سیکیورٹی گارڈ کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اسی دوران سیکیورٹی گارڈ بابر خان تنولی نے فائرنگ کر دی جس سے ساتھی سیکیورٹی گارڈ ظہیر عباس ہلاک ہو گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔