کراچی : فائرنگ اور دیگر واقعات میں 8 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ رک سکی، مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت 8 افراد کو قتل کردیا۔ دوسری جانب سے بولٹن مارکیٹ میں پھینکا گیا دستی بم پھٹ نہ سکا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا تازہ واقعہ اسٹیل ٹاون میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم افراد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

اس سے قبل گلشن اقبال کے علاقے میٹرول تھری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے موبائل کی دکان پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد با پ بیٹے ہیں۔

مقتولین کی شناخت قلب عباس اور مسرت عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کاشف قادری نامی شخص کو قتل کردیا۔ ترجمان سنی تحریک کے مطابق مقتول ان کا کارکن تھا۔

ماری پورمشرف کالونی اور پورٹ قاسم عبداللہ گوٹھ میں2 افراد کو قتل کردیا گیا۔ گلشن حدید لنک روڈ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب بولٹن مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی جانب سے پھینکا جانے والا دستی بم پھٹ نہیں سکا۔