کراچی : فائرنگ سے دو پولیو ورکر جاں بحق، سندھ میں مہم منسوخ، پنجگور میں‌ بھی ٹیم پر حملہ

Karachi

Karachi

پنجگور/کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے قیوم آباد میں انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو خواتین پولیو ورکرز سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، پولیو ورکرز نے سندھ بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے انسداد پولیو مہم روکنے کا اعلان کر دیا جبکہ پنجگور میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم سے ویکسین سے بھری گاڑی چھین لی۔

کراچی کے علاقے قیوم آباد اے ایریا میں پولیو ورکزر انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں ٕمصروف تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

دو مختلف گلیوں میں پولیو ورکرز پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیو ورکرز زخمی ہو گئے، زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دو خواتین سمیت تین ورکرز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت انیسہ، اکبری اور سعد خلیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں سلمہ اور غلام علی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری پولیو مہم کو فوری طور پر روک دیا گیا جبکہ پولیو ورکرز نے غیر معینہ مدت کے لئے سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم کو روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پولیو ورکرز کو مہم کے دوران سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی تاہم آج پولیس موقع پر موجود نہیں تھی۔

حکام نے احکامات کے باوجود مہم کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی غیر موجودگی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔