کراچی کی گرین لائن بس سروس مکمل آپریشنل ہو گئی

Green Line Bus Service

Green Line Bus Service

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں گرین لائن بس سروس آج سے مکمل طور پر آپریشنل ہو گئی۔

گرین لائن بس سروس کی 80 بسیں صبح 7 بجے سے رات 10بجے تک چلیں گی، سرجانی سے نمائش چورنگی تک گرین لائن بس کے 22اسٹیشن ہیں۔

شہری گرین لائن بس سروس چلنے پر خوش نظر آرہے ہیں اور بس سے سفر کرنے والی ایک خاتون نے خواتین کو گرین لائن سے ہی سفر کرنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ کراچی میں گرین لائن بس سروس کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد سروس کو محدود پیمانے پر کھولا گیا تھا۔

اسٹیشنز کتنے ہوں گے؟
گرین لائن بس سروس سرجانی عبداللہ چوک اسٹیشن سے نمائش چورنگی اسٹیشن تک چلائی جائے گی، یہ جدید بسیں ہر 5 منٹ بعد اسٹیشن پر آئیں گی جب کہ آگے چل کر بسوں کے آنے کا یہ وقفہ مزید کم ہوجائے گا۔

ٹکٹ کتنا ہوگا؟
گرین بس کا ٹکٹ 55 روپے ہے، روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے اس حوالے سے کارڈ بھی بنوا سکتے ہیں۔

گرین لائن بس میں ایک وقت میں 150 سے زائد افراد سفر کر سکیں گے جب کہ معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔

بس سروس کی سرویلنس سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی اور جس اسٹیشن پر بس رُکے گی وہاں کا نام بس کے اندر اسکرین پر آجائے گا۔

کراچی کے لیے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگ بنیاد فروری 2016 میں رکھا گیا جو طویل انتظار کے بعد اب عوام کی دسترس میں ہوگا۔