کراچی: جناح اسپتال کا کورونا وارڈ انتہائی غیر معیاری، اب تک 12 مریضوں کا انتقال

Karachi Jinnah Hospital

Karachi Jinnah Hospital

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے قائم کردہ 23 نمبر وارڈ کی حالت انتہائی غیر معیاری ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے قائم کیے جانے والے 23 نمبر وارڈ میں لائے گئے مریضوں میں سے اب تک 12 مریض انتقال کرگئے ہیں جب کہ دیگر مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مریض جناح اسپتال میں کورونا مریضوں کے لیے مختص وارڈ نمبر 23 کی ویڈیو بنا رہا ہے جس میں مریض کا یہ کہناہے کہ وارڈ میں 2 میتیں بھی اسٹریچر پر پڑی دیکھی جاسکتی ہیں۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ وارڈ کی حالت کا کوئی پرسان حال نہیں، نہ ہی کوئی ڈاکٹر پوچھنے آتا ہے اور نہ ہی کوئی طبی عملہ طبی دیکھ بھال کے لیے آرہا ہے۔

سوشل میڈیا پر جناح اسپتال کے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص وارڈ کی ویڈیو میں دیگر مریضوں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ خداراہ انہیں اس 23 نمبر وارڈ سے نکالا جائے۔

وارڈ 23 میں داخل مریضوں کا مزید کہنا ہے کہ کوئی علاج کی سہولیات موجود نہیں ہے اور مریضوں میں بھی خوف طاری ہے، اور دادرسی بھی نہیں کی جا رہی ہے۔