کراچی میں فوجی آپریشن نہیں ہونا چاہیے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں فوجی آپریشن نہیں ہونا چاہیے، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں پہلے ہی ڈیڑھ لاکھ فوج پھنسی ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں عمران خان نے مطالبہ کیا کہ کراچی پولیس کو غیر جانبدار افسران کا تقرر کر کے سیاست سے پاک کیا جائے، کراچی سے دہشت گردی ختم کرنے کے لئے پولیس کی اسپیشل ریپڈ فورس بنائی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دین کو بیچ کر پیسہ بنا رہے ہیں،وہ بتائیں کہ ان کا ذریعہ آمدن کیا ہے۔وہ کبھی کسی کو یہودی بنا دیتے ہیں اور کسی کو قادیانی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرے گی، فی الحال وزیراعلی کی سرکاری رہائش گاہ تبدیل نہیں ہوگی کیوں کہ پولیس کسی اور جگہ انہیں سیکیورٹی نہیں دے سکتی۔